اقبال آبادچرارشریف میں تیندوے دندناتے پھررہے ہیں

بڈگام//اقبال آبادچرارشریف میں دو تیندوں کی موجودگی سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلاہواہے اور مقامی آبادی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی ہے جبکہ تیندوں کی موجودگی کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے عملہ نے اقبال آباد اور کرالہ پور ہ میں دو مقامات پر تیندوں کو پکڑنے کے لئے پنجرے نصب کئے ہیں۔چرار شریف کے علاقہ اقبال آباد سے مقامی شہری ساحل احمد لون نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو علاقے میں دو تیندوں کو دیکھا گیا جس کی عکس بندی سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی ریکارڈ ہوئی ہے،جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے حکام کو اس بارے میں مطلع کیا گیا۔اس موقع پر محکمہ جنگلی حیات کے عملہ نے علاقہ میں پہنچ کر اقبال آباد چرار شریف اور اس سے ملحقہ کرالہ پورہ میں پنجرے نصب کئے ہیں تاکہ تیندوں کو پکڑا جا سکے۔اس بارے میں محکمہ جنگلی حیات کے انچارج ساجد احمد نے بتایا کہ  منگل اور بدھ کی درمیانی رات اقبال آباد میں تیندوں کودیکھاگیا جس کے بعد ہم نے اقبال آباد اور کرالہ پورہ یونیورسٹی کیمپس کے قریب پنجرے نصب کردیئے تاکہ دونوں تیندوے کو زندہ پکڑا جاسکے۔ہم نے علاقے میں رہائش پذیر آبادی کو تلقین کی کہ اندھیرا چھاجانے کے بعد گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط سے کام لیں۔ ہمیں امید ہے کہ جلد تیندوے پکڑے جائیں گے۔