سرینگر// حکومت پر اقامتی اسناد کی اجرائی کی تشہیر میں سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی کے کشمیرامور کے انچارج سنجے صراف نے سوال کیاہے کہ دفعہ370کی تنسیخ کے بعد جس تعمیر و ترقی کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ کیا ہوا؟۔ سرینگر کے ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بیروکریٹوں کو اقامتی اسناد دینے میں مصروف ہے اور ترقیاتی کاموں کو پس پردہ ڈال دیا گیا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بندوق کا راستہ ترک کریں جبکہ سرکار کو نوجوانوں سے بات کرنے کی صلاح دی۔حکومت کی جانب سے سرکاری محکموں میںنئی بھرتی عمل کے آغاز کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے صراف نے ڈیلی ویجروں و کیجول لیبروںکو پس پردہ نہ ڈالنے کا مشورہ دیا۔انہوںنے کہا کہ60ہزار کے قریب عارضی ملازمین کے معاملے کو اگر حل نہیں کیا گیا تو ایک انسانی بحران پیدا ہوگا،جس کے نتیجے میں پہلے سے نان شبینہ کیلئے محتاج ان ملازمین کی حالت مزید ابتر ہوگی۔ لاک ڈائون کے نتیجے میں معاشی نقصانات کو تجارت کیلئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے سنجے صراف نے کہا کہ پہلے5اگست کے بعد پیداہ شدہ صورتحال اور بعد میں کرونا لاک ڈائون کے نتیجے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئی،جس کی وجہ سے تجارت کو ہزاروں کروڑ روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ تجارت پیشہ افراد،صنعت کاروں، ٹرانسپورٹروں،ہاوس بوٹ و ہوٹل مالکان اور سیاحت و تعمیرات عامہ سے جڑے ہوئے لوگوں کے بنک قرضوں کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کی جائے،جبکہ جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس کی مدوں میں بھی تاجروں کو رعایت دی جائے۔کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے صف اول پر کام کرنے والے ڈاکٹروں،نیم طبی عملے، بلدیاتی ملازمین اور محکمہ صحت کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سنجے صراف نے کہا کہ سماجی،فلاحی،مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے متاثرین تک پہنچ کرانہوںنے ایک بار پھر2014کی مثال زندہ کی،جب تباہ کن سیلاب کے دوران رضاکاروں نے اپنی زندگی کو دائو پر لگا کر لوگوں تک راحت کاسامان بھی پہنچایا۔ سنجے صراف نے سرینگر میونسپل کارپوریشن میں سوچھ بھارت مہم کے تحت بیت الخلائوں کی تعمیر کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحقین کو اس میں کیوں نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات بھی مل رہی ہیں کہ کئی جگہوں پر سرے سے ہی ان بیت الخلائوں کو تعمیر نہیں کیا گیااور صرف رقومات نکالی گئیں۔ ایل جے پی کے امور کشمیر کے انچارج نے کہا کہ پارٹی نے حکومت کو سرینگر کی بہبودی اور ترقی کیلئے تجاویز پیش کی ہیں،جس میں سرینگر میں فلائی اُوروں،کثیر المنزلہ تجارتی عمارتوں، سڑکوں،پلوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اقامتی اسناد کی اجرائی پیچھے سیاسی مقاصدکارفرما:سنجے صراف
