افواہوں پر سرکاری مؤقف واضح کیا جائے

سرینگر//کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے جموں وکشمیر میں پائی جارہی غیر یقینی صورتحال پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی ریشہ دوانیوں سے خبردار رہیں۔کانگریس صدر نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے پائے جارہے غیر یقینی ماحول پر اپنے مؤقف کو واضح کرے۔جنوبی کشمیر کے ڈورو علاقے کے تحت آنے والے ہلسڈار، ہرگواس، گمڈورہ، ہیوارڈ اور دودوانگن علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی ریشہ دوانیوں سے پوری طرح باخبر رہیں جو امن و قانون کی صورتحال کو بگاڑنے کیلئے افواہ بازی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ ایسے عناصر پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ امن و آشتی کا ماحول درہم برہم نہ ہوجائے۔کانگریس صدر نے عوام کو درپیش مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈورو اور ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو سڑک، پانی، بجلی ، طبی سہولیات مہیا نہیں ہے جس کے نتیجے میں یہاں کی آبادی کو آئے روز گوناں گوں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے نتیجے میں اُن کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ یہاں کی رہائش پذیر آبادی کو درپیش مسائل و مشکلات دور کرنے میں مؤثر اقدامات اُٹھائیں۔