کابل//شمالی افغانستان کے سب سے بڑے شہر مزار شریف کے ہوائی اڈے پر فضائی سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔توقع ہے کہ ازبکستان کے ماہرین کی مدد سے اگست تک اس ہوائی اڈے پر فضائی خدمات مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔ ازبکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک نمائندے نے یہ اطلاع دی۔ ازبکستان کے صدر کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان عصمت اللہ ارگاشیف نے گزشتہ اکتوبر میں افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں طالبان سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا ملک مزار شریف ہوائی اڈے پر فضائی خدمات کی بحالی میں تعاون کرے گا۔وزارت کے نمائندے نے کہا، ''ہمارے ماہرین کی ایک ٹیم مزار شریف ہوائی اڈے پر پرواز شروع کرنے میں مدد کر رہی ہے۔''اہلکار نے کہا کہ ازبکستان نے فضائی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے افغانستان سے 20 ماہرین کو تربیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'عمل جاری ہے، مجھے یقین ہے کہ یکم اگست سے ایئرپورٹ پر فلائٹ سروس مکمل طور پر بحال ہو جائے گی'۔خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ سال 15 اگست کو دارالحکومت کابل پر قبضے کے ساتھ ہی حکومت کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی تھی۔