افغانستان کے شہروں کی نگرانی طالبان امریکی منصوبے کی پیروی کا خواہاں

کابل/یو این آئی/ طالبان افغان شہروں کی نگرانی کے لیے بڑے پیمانے پر کیمروں کا نیٹ ورک بنا رہے ہیں جب کہ اس مقصد کے لیے وہ 2021 کے انخلا سے قبل امریکیوں کی جانب سے تیار کردہ منصوبے کو استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ بات وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتائی جب کہ حکام دارالحکومت کابل بھر میں پہلے سے ہی موجود ہزاروں کیمروں میں مزید اضافے کی کوشش کر رہے ہیں۔طالبان انتظامیہ عوامی طور پر کہتی ہے کہ اس کی توجہ سیکیورٹی کی بحالی اور افغان شہروں میں کئی بڑے حملوں کا دعویٰ کرنے والے عسکریت پسند گروپ داعش پر قابو پانے پر مرکوز ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان انتظامیہ نے اس منصوبے سے متعلق ممکنہ تعاون کے بارے میں چینی ٹیلی کام آلات بنانے والی کمپنی ہواوے سے بھی مشاورت کی ہے ۔ان ملاقاتوں کے حوالے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عالمی عسکریت پسند گروپوں کے حملوں کو روکنا، طالبان، امریکا اور چین سمیت کئی ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مرکزی نکتہ ہے۔