افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہئے

 نیویارک// ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بدھ کو افغانستان کے بارے میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اس ملک کی انسانی ضروریات کے جواب میں اکٹھا ہونا چاہئے ۔ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ طالبان کو افغانستان کی سرزمین کسی بھی طرح کی دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے عزم پر عمل پیرا ہونا چاہئیے اور انسانی ضروریات کے جواب میں عالمی برادری کو اکٹھا ہونا چاہیے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امداد فراہم کرنے والوں کو افغانستان تک ‘بغیر کسی روک ٹوک کے اور براہ راست رسائی’ دی جانی چاہیئے ۔ڈاکٹر جے شنکر نے کہا ‘‘دنیا ایک جامع عمل کی توقع رکھتی ہے جس میں افغان معاشرے کے تمام طبقات کی نمائندگی ہونی چاہئے ’’۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کا تعاون افغان عوام کے ساتھ اس کی تاریخی دوستی ہے ۔