افغانستان میں دھماکہ،9 بچے جاں بحق

کابل/افغانستان کے مشرقی علاقے میں ایک زور دار دھماکے میں 9 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے صوبے ننگرہار میں پھل فروش کا ٹھیلا اچانک دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ درجن سے زائد بچے ٹھیلے والے سے پھل خرید رہے تھے۔دھماکے میں 9 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ننگرہار کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریڑھی کے زمین میں دبے مارٹر شیل سے ٹکرانے کی وجہ سے ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ ا?س پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دو دہائیوں سے جاری جنگ کے دوران افغانستان میں مختلف گروپوں نے بارودی سرنگوں کا جال بچھا دیا ہے جب کہ تباہ ہونے سے بچ جانے والے کئی مارٹر شیلز جگہ جگہ زمین تلے دبے ہوئے ہیں۔ایسی بارودی سرنگوں اور مارٹر شیل کا زیادہ شکار بچے ہوتے ہیں جو انھیں کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگتے ہیں اور حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔