افغانستان : مسجد میں دھماکہ،30افرادجاں بحق، 80 زخمی

 کابل// یو این آئی //افغانستان کے شہر مزار شریف کی ایک مسجد میں دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ۔ خامہ پریس نے جمعرات کو صحت کے حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔اطلاعات کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 1240 بجے کے قریب شیعہ فرقے کی مسجد میں ہوا۔اس دھماکے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔افغان محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اموات کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ادھر دارالحکومت کابل میں کل دو دھماکے ہوئے جس میں دو بچے زخمی ہو گئے ۔خامہ پریس کی رپورٹ کے مطابق کل صوبہ قندوز میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا جس میں چار شہری ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ۔دو روز قبل کابل میں ایک اسکول اور تعلیمی مرکز میں تین بم دھماکے ہوئے تھے ، جن میں چھ طالب علم ہلاک اور چوبیس زخمی ہوئے تھے ۔