پلوامہ +بانڈی پورہ//پلوامہ کے متعدد دیہات ،بانڈی پورہ قصبہ اوراس کے ملحقہ علاقوں میں افطار اور سحری کے وقت بجلی غائب رہنے سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔پلوامہ کے ذاسو ،تملہ ہال ،لاسی پورہ اور دیگر دیہات کے صارفین نے علاقہ میں بجلی کی آنکھ مچولی کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریسوینگ سٹیشن لاسی پورہ میں تعینات عملہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے اس متبرک مہینے میں بھی بجلی نظام درہم برہم ہے اور افطار اور سحری کے وقت بجلی غائب رہنے سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔سماجی کارکن مظفر احمد نے بتایا کہ اگر بجلی سپلائی میں فوری طور سدھار نہیں ہوا تو وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ادھرقصبہ بانڈی پورہ ،کلوسہ ، سونرونی، چکریشی پورہ ،اہم شریف ،بونہ کوٹ ،منتری گام، خیار، پزل پورہ، اونگام ،آلوسہ، ملنگام، وٹہ پورہ، کیما ارن ،سملر بانیاری، حاجن ،چیوہ نائندکھے اورشاہ گنڈ کے لوگوں کا کہناہے کہ اس متبرک مہینے میں بھی بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات سے لوگ محرو م ہیں۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ پتوشی گرڈ اسٹیشن کو چالو کیا جائے تاکہ بانڈی پورہ تحصیل کے لوگوں کو اندھیرے سے نجات مل سکے ۔