مشتاق الحسن
ٹنگمرگ// گلمرگ کے افروٹ علاقے میں جمعرات کو بھاری بھر کم برفانی تودا گر آیا جس نے غیر ملکی اسکائرز کے ایک گروپ کو اپنی زد میں لے لیا،جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک گائیڈ سمیت7افراد کو زندہ بچالیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ گنڈولہ کے سیکنڈ فیز( افروٹ) کے دائیں جانب فوج کے ایک کیمپ کے نزدیک چھولہ نالے میں جمعرات بعد دوپہر قریب ڈیڑھ بجے ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کی زد میں غیر ملکی اسکائرز کا ایک گروپ آیا۔معلو م ہوا ہے کہ یہ گروپ 8 اسکائرز پر مشتمل تھا جس میں ایک مقامی گائیڈ بھی تھا۔گروپ میں شامل سبھی کوہ پیماں برفانی تودے کے نیچے دب گئے اور اسکی اطلاع انتظامیہ ، فوج اور پولیس کو دی گئی جنہوں نے فوری طورپربچائو آپریشن شروع کیا ۔اس دوران فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی آپریشن میں استعمال کیا گیا۔کافی کوششوں کے بعد برف میں پھنسے اسکائرز کو نکالا گیا اور انہیں ہسپتال لیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔اسکی شناخت روس کےAHTOH کے طور پر ہوئی۔روسی خاتون کوہ پیماں سمیت دیگر 6کو بچالیا گیا جس میں ایک مقامی گائیڈ بھی شامل ہے۔مقامی اسکائر منظور احمد نے گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ جمعرات بارہ بجے مقامی اسکائرتنویر ،جس کے ساتھ اپنا ایک گروپ تھا ،نے فون پر اطلاع دی کہ کھلن مرگ میں ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی اسکائرز برف کے نیچے دب گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی اسکائرز نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور موقع پر ہی پانچ غیر ملکی اسکائرز کو برف سے باہر نکالا۔انہوں نے کہاکہ ایک غیر ملکی( روسی) خاتون اسکائرکی موت واقع ہوئی۔منظور احمد نے گلمرگ انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ جاتے تھے لیکن گنڈولہ سے وابستہ آفیسران نے مقامی اسکائرز کو ٹکٹ خریدنے کو کہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی اسکائرز کو گنڈولہ کی ٹکٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا لیکن جب سے ا نہیں ٹکٹیں خریدنے کو کہا گیا ہے وہ غیر ملکی اسکائرز کے ساتھ جانے سے قاصرہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ہوتے تو وہ غیر ملکی اسکائرز کے گروپ کو کھلن مرگ کے پر خطر علاقے میں جانے نہیں دیتے۔انہوں نے مزید بتایاکہ مقامی اسکائرز کو گلمرگ کے سبھی علاقوں کے بارے میں پوری علمیت ہے۔پولیس نے بتایا “ریسکیو آپریشن ختم کر دیا گیا ۔”پولیس نے بتایا کہ چھ روسی اسکائیرز اور گائیڈ کو امدادی کارکنوں نے ملبے سے نکالا ، ایک کی موت ہو گئی اور چھ ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔موثر ریسکیو آپریشن اور برفانی تودے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی مدد کی گئی۔