سرینگر/ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے جمعہ کو جنوبی کشمیر کے بجبہارہ علاقے میں ایک معرکہ آرائی کے دوران چھ جنگجوئوں کو جاں بحق کئے جانے کو ''سرجیکل آپریشن'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فورسز کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
فوج کی15ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) اے کے بھٹ نے کہا کہ بجبہارہ آپریشن '' مخصوص ''تھا۔
انہوں نے کہا''یہ ایک کامیاب آپریشن تھا جس کے دوران فوج کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔''
وہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔
جب جی او سی اے کے بھٹ سے حال ہی میں گرفتار جنگجوئوں کی مبینہ حمایتی دو خواتین کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہاکہ اُن خواتین کو جنگجوئوں کی طرف سے ماضی میں استعمال کیا جاتا تھا۔
واضح رہے کہ آج صبح فورسز کے ساتھ ایک خونین معرکہ آرائی میں جنوبی کشمیر کے بجبہارہ علاقے میں چھ جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
یہ جھڑپ بجبہارہ کے دچھنی پورہ علاقے میں واقع شالہ گنڈ، سٹکی پورہ نامی گائوں میں ہوئی ۔