جموں//چیف الیکٹورل آفیسر جموں کشمیر ہردیش کمار نے یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کے ساتھ ملاقات کی ۔اس موقعہ پر انہوں نے لفٹینٹ گورنر کو جموں کشمیر یو ٹی میں چناؤ کمیشن کی سرگرمیوں اور رائے دہندگان میں چناؤ سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے سی ای او پر زور دیا کہ وہ ووٹروں کو ووٹ کی اہمیت سے روشناس کرانے پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر جمہوری عمل کو مستحکم کرنے کیلئے اہل ووٹروں کے اندراج میں بھی اضافہ کیا جانا چاہئیے ۔ لفٹینٹ گورنر نے تمام لازمی جانکاری عوامی دائرے میں دستیاب رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ اس دوران این آر پردھان جنرل منیجر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا جے اینڈ کے نے بھی یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کے ساتھ ملاقات کی اورجموں کشمیر یو ٹی میں ایف سی آئی کے گوداموں میں غذائی اجناس کی دستیابی اور سٹاک پوزیشن کے بارے میں انہیں جانکاری دی ۔ ایل جی اور جنرل منیجر نے کووڈ 19 سے پیدا شدہ صورتحال سے متعلق معاملات کے علاوہ غذائی اجناس کی حصولیابی اور دستیابی پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے مناسب مقدار میں غذائی اجناس کی دستیابی اور اہم علاقوں میں بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے لازمی اقدامات اٹھانے پر زور دیا تا کہ عام لوگوں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اعلیٰ حکام کی لیفٹنٹ گورنر سے ملاقات
