اعظم خان کا وزیر اعظم پر حملہ

 رام پور// سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری محمد اعظم خان نے کہا کہ گجرات اسمبلی کے انتخابی مہم کے دوران پاکستان کی بات کرنے والے وزیر اعظم نریندر مویدی کو مرکز میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پڑوسی ملک کا دورہ کرنے کے مقصد کی وضاحت کرنی چاہئے ۔مسٹر خان نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ گجرات الیکشن میں پاکستان کی بات کرنے والے وزیر اعظم مودی کااچانک کسی سیکورٹی دستے کے بغیر پڑوسی ملک جانے کا راز آج بھی برقرار ہے ۔ جب پاکستان کے جوان ہمارے فوجیوں کا سر کاٹ کر لے جارہے تھے تب ایسی کیا بات ہوگئی کہ منتخب سرمایہ داروں کے ساتھ وزیر اعظم خفیہ طورپر پاکستان پہنچ گئے ۔ ان کے اس خفیہ دورے پر سوال پیدا ہوتے ہیں جس کا جواب ملک جاننا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی نہیں جان سکا کہ پاکستان جاکر بغیر دعوت کے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے وہ ملنے کیوں گئے ۔ وہ کون سی خفیہ ڈیلنگ تھی جس کے لئے وزیر اعظم مودی کو بغیر سیکورٹی کے پاکستان جانا پڑگیا۔مسٹر اعظم خان نے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں منموہن جی کا احترام کرتا ہوں جو لوگ ان پر انگلیاں اٹھارہے ہیں وہ انتہائی گھٹیا سوچ کے لوگ ہیں۔یو این آئی