اعزاز یافتہ کوہ پیما ء کرنل جموال کی گورنر کے ساتھ ملاقات

جموں// سانبہ ضلع کے کرنل رنویر سنگھ جموال نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔کرنل جموال جنہیں سال 2017 ء کے دوران انڈین مونٹینرنگ فائونڈیشن کی طرف سے ملک کا بہترین کوہ پیما قرار دیا گیا ،نے گورنر کے ساتھ ریاست میں ایڈونچر سپورٹس کو فروغ دینے کے تعلق سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے ریاست میں سپورٹس پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔گورنر نے کوہ پیمائی کے شعبے میں کرنل جموال کی حالیہ کامیابیوں کے لئے انہیں مبارک باد دی۔کرنل جموال نے ساتوں براعظموں میں اونچے پہاڑوں پر چڑھنے اور دس دِن میں 6000میٹر سے زیادہ اونچائی والی  6پہاڑی چوٹیوں پر چڑھنے کا کار نامہ انجام دیا ہے۔وہ دنیا کے ایسے چند کوہ پیمائوںمیں سے ایک ہے جنہوں نے دنیا کی سب سے بڑی چوٹی مائونٹ ایورسٹ تین مرتبہ سر کی ہے۔