اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

کراچی//یو این آئی// پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بلے بازوں میں سے ایک اور سابق کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔اظہر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہاکہ ‘‘میرے لیے اعلیٰ سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن گہری سوچ کے بعد مجھے لگتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کا یہ صحیح وقت ہے ۔ ’’اظہر نے اب تک 96 ٹیسٹ میچوں میں 42.49 کی اوسط سے 7097 رنز بنائے ہیں۔ 12 سال پر محیط کیریئر میں انہوں نے 19 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں اسکور کیں، ان کا بہترین اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے نائٹ میچ میں ناٹ آؤٹ 302 رنز تھا۔ ان کے نام آٹھ وکٹیں بھی ہیں۔ انہوں نے کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ میں 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف لارڈز میں ڈیبیو کیا۔ کراچی میں انگلینڈ کے خلاف انہیں اپنے ٹیسٹ رنز میں اضافہ کرنے اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کو بلندی پر ختم کرنے کا ایک اور موقع ملے گا۔