اظہر الدین کے بیان پر تلنگانہ کانگریس کے اجلاس میں احتجاج

 حیدرآباد//حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے عام انتخابات میں مقابلہ کرنے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کی دلچسپی سے متعلق ان کے گزشتہ روز دیئے گئے بیان پرآج تلنگانہ کانگریس پارٹی کے اجلاس میں سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے حامیو ں نے احتجاج کیا۔انجن کمار یادو نے سال 2004سے 2014تک حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی نمائندگی کی تھی تاہم گزشتہ عام انتخابات میں ان کو اس حلقہ سے شکست اٹھانی پڑی تھی۔ اے آئی سی سی کے انچارج بی راجو کی موجودگی میں انجن کمار یادو کے حامیوں نے اظہرالدین کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اظہر الدین حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے مقابلہ کریں ۔یہ اجلاس گریٹر حیدرآباد کانگریس کے لیڈروں کا تھا ۔اس موقع پر صدر تلنگانہ کانگریس اتم کمار ریڈی اور سینئر لیڈر سروے ستیہ نارائنا نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے انجن کمار یادو ہی مقابلہ کریں گے ۔اس اجلاس میں انجن کمار یادو کے خطاب کے موقع پر سینئر لیڈر و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راو اٹھ کر چلے گئے ۔ یواین آئی