اصغر سامون کا مویشیوں کی تعداد اور معیار میں بہتری لانے پر زور

سرینگر/ /پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری اصغرحسن سامون نے مویشیوں کی تعداد اور معیار میں بہتری لانے کے لئے جامع کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے متعلقین کی صلاحیتوں میں بھی بڑھاوا کیا جانا چاہیئے ۔پرنسپل سیکرٹری  35کروڑ روپے لاگت والے نیشنل لائیو سٹاک مشن 2018-19کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ محکمہ 13100 مویشیوں کو انشورنس کے دائرے میں لانے کے لئے ایک منصوبہ پر کام کررہا ہے جس پر 194.86 لاکھ روپے صرف ہوں گے ۔میٹنگ میں محکمہ کو درپیش کئی م عاملات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اصغر سامون نے کہا کہ مویشیوں کی قلت دور کرنے اور اس صنعت کو مزید فائدہ بخش بنانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔میٹنگ میں اینمل ہسبنڈری محکمہ کشمیر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یوسف چاپرو، ایم ڈی وول بورڈ اور کئی دیگر افسران موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر پشو و پالن جموں ڈاکٹر وکٹر کول ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ڈاکٹر کرانتی کمار شرما نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔