جموں//کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے خراب موسمی حالات کے نتیجے میں جموں ۔سری نگر قومی شاہراہ بار بار بند ہونے کے تناظر میں اشیائے خوردنی کا کاروبار کرنے والے افراد کے لئے ایڈوائزری جاری کی ۔اشیائے خوردنی کا کاروبارکرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زائد المعیاد اور خراب ہوئی کھانے پینے کی اشیاء کو ضائع کریں۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے’’ اس بات کا قوی احتما ل ہے کہ سڑک بند رہنے کی وجہ سے میوے اور سبزیاں خراب ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ لائیو سٹاک کی بھی جانچ کرنے کے لئے کہا گیا ہے اور اگر یہ اشیاء خراب ہوئی ہوں تو انہیں ضائع کیا جانا چاہیئے۔‘‘
ایڈوائزری کی رو سے کولگام ، اننت ناگ ، پلوامہ اور سری نگر اضلاع کے نامزد افسروں اور انفورسمنٹ اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ وادی کے اندر آنے والی اُن گاڑیوں جن میں اشیائے خوردنی لادی گئی ہیں ، پر کڑی نگاہ رکھیں اور ان اشیاء کی معیار کی جانچ کریں۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوڈ سفیٹی اینڈ سٹینڈاڈس ایکٹ 2006 کے تحت قانونی کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ا س سلسلے میں ہوشیار رہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں کمشنریٹ کے ساتھ رابطہ کریں۔ محکمہ کے اہلکاروں کے ساتھ فون نمبر 0194-2495191 یا ای میل ایڈرس [email protected] gmail.comپر ربطہ کیا جاسکتا ہے۔