اسکولوں میں کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد ناگزیر: ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر

سری نگر//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیرڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد کی خاطر محکمہ صحت اور محکمہ ایجوکیشن نے مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
 
انہوں نے بتایا کہ کلاسز میں دو گز کی دوری کو بنائے رکھنے کی خاطر اسکول انتظامیہ کو قبل از وقت جانکاری فراہم کی گئ ہے۔
 
اُن کے مطابق ماسک کے بغیر کسی بھی طالب علم کو اسکول کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جواہر لال نہرو ہسپتال میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ نے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ لیا جس کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے بھی اس حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
 
اُن کے مطابق محکمہ صحت اور اسکول ایجوکیشن کے عہدیداروں نے اس حوالے سے لگاتار میٹنگیں کیں اور ایک لائحہ عمل کو ترتیب دیا گیا جس پر اسکول منتظمین کو من وعن عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ اسکولوں کی گاڑیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی خاطر بھی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے باہر سکریننگ سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور بغیر سکریننگ کے کسی بھی بچے کو اسکول کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
موصوف نے مزید بتایا کہ کلاسوں میں کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے اوراس کے لئے منتظمین کو پہلے ہی آگاہی فراہم کی گئی ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ ہر بچے پر لازم ہے کہ وہ اسکول کے اندر جانے سے قبل ماسک کا استعمال کریں کیونکہ ماسک کے بغیر کسی کو بھی اسکول احاطے کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
ڈائریکٹر موصوف نے بتایا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی خاطر اسکول ایجوکیشن ، محکمہ صحت اور ضلع انتظایہ نے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اسکولوں پر نظر گزر بنائے رکھی گی ۔