اسمبلی کا خصوصی اجلاس، سپیکر نے انتظامات کا جائزہ لیا

 سرینگر// جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران 17؍ جون 2017ء سے شروع ہونے والے اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔مختلف محکموں کو اجلاس کے دوران احسن کاروائی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کویندر گپتا نے کہا کہ جی ایس ٹی ایک اہم معاملہ ہے جس پر منتخب نمائندوں کو اپنے خیالات کا تبادلہ کرنا چاہئے۔انہوںنے کہا ’’ لوگوں کو ایسے فیصلوں کے بارے میں جاننے کا مکمل حق ہے جن سے ان کی زندگی اثر انداز ہوتی ہو۔ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم حقائق پر مبنی اطلاعات لوگوں تک پہنچائیں۔  ‘‘ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے سپیکر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اسمبلی کارروائی کی موثر کوریج کیلئے محکمہ نے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ قانون سازیہ اور ذرائع ابلاغ کے درمیان تال میل کے لئے بھی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔میٹنگ میں مختلف محکموں کی جانب سے اسمبلی اجلاس کے لئے کئے گئے تمام انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی ویداور اے ڈی جی پی سیکورٹی دلباغ سنگھ نے میٹنگ کے دوران اسمبلی کے اندر ، اس کے گرد و نواح میں ، ایم ایل اے ہوسٹل اور ہوائی اڈے پر کئے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔سپیکر نے انسپکٹر جنرل ٹریفک کو اجلاس کے دوران شہر میں بہتر ٹریفک نظام برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔