اسمبلی حلقوں کی حد بندی انصاف کی بنیاد پر کی جائے :آزاد

ڈوڈہ //نئی اسمبلیوں کی حد بندی صاف و شفاف طریقے سے کرنے و جلد انتخابات منعقد کرنے پر زور دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا کہ موجودہ تعمیر و ترقی کا دور واپس لانے کے لئے انتخابات ناگزیر ہیں۔ ڈوڈہ ضلع کے گندوہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ نئی اسمبلیوں کی حد بندی رقبہ و آبادی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انصاف کی بنیاد پر ہونی چاہیے اور اس کے فوراً بعد الیکشن ہونے چاہئیں۔ G23 کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اب ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کچھ تبدیلیاں لانے کے لئے اپنے اپنی رائے کا اظہار کیا تھا اور اعلیٰ قیادت نے انہیں تسلیم کر کے الیکشن شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ G23 میڈیا نے نام دیا اور پارٹیوں میں اندرونی سطح پر اس طرح کے معاملات ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اصلاح کا سلسلہ مہاتما گاندھی کے دور سے جاری ہے اور اسوقت سبھاش چندر بھوش سب سے بڑے اصلاح پسند مانے جاتے تھے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پر انہوں نے کہا کہ بہری سرکار و انتظامیہ کی عدم توجہی سے جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی سے غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی تعیناتی کاکام سرکار و انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن وہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔