اسمبلی انتخابات کا کامیاب انعقاد ڈی سی اور ایس ایس پی پونچھ کی ستائش

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے لوگوں نے اپنے علاقے میں کامیاب انتخابات کرانے پر انتظامیہ خصوصی طور پر ڈی سی پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ کی ستائش کرتے ہوئے ان کو مبارکباد دی ہے۔ پونچھ کے عام عوام بشمول تمام تنظیموں کے سربراہان نے ڈی سی پونچھ، وکاس کنڈل (آئی اے ایس) اور ایس ایس پی پونچھ، ممتاز احمد (آئی پی ایس) اور ان کی تمام ٹیموں کی دن رات انتھک محنت اور کوششوں اور مخلصانہ کوششوں کو خوب سراہا ہے۔ پونچھ کے عوام، ناقدین اور تجزیہ کاروں نے ضلع پونچھ میں امن و امان کا ماحول فراہم کرنے اور جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پرامن انعقاد پر ان افسران اور ان کے ماتحت اہلکاروں اور تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور مذکورہ افسران کے سیکورٹی کے انتظامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے تمام اقدامات بہت سخت اور منظم تھے جس کی وجہ سے ضلع کی کسی بھی تحصیل جیسے مینڈھر، سرنکوٹ یا حویلی منڈی کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا یہ سب اس وقت ممکن ہوا جب ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں نے انتخابات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اور اس کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کیئے تھے۔ پونچھ،مینڈھر اور سرنکوٹ کے لوگوں نے افسران کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی ان سے یہی توقع رکھتے ہیں۔