اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے کوشاں | مود ی اور و امیت شاہ انتخابی مہم کی قیادت کرینگے،ریلیوں کیلئے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی ساخت مضبوط کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مود ی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جموں کشمیر کا دورہ کرکے انتخابی مہم کی قیادت کریں گے ۔ اسمبلی ا انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ مرحلہ وار طریقوں پر جموں اور کشمیر کے علاقوں کا دورہ کرکے قریب 9ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں و کشمیر میں 44 انتخابی دفاتر کھول کر جموں اور کشمیر میں اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے، جس میں ایک کشمیری مائیگرنٹ پنڈتوں کیلئے بھی شامل ہے۔ ان دفاتر کا عملی طور پر جموں کشمیر کے بی جے پی صدر رویندر رینا نے افتتاح کیا۔ایک اہم اقدام میں، بی جے پی نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نو بڑی انتخابی ریلیوں کے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا ہے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی پانچ ریلیوں کی قیادت کریں گے، جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ چار ریلیوں کی قیادت کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق،ان ریلیوں کو حکمت عملی کے مطابق 2-3 ملحقہ اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ان ریلیوں کیلئے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اور جلد ہی بی جے پی ہائی کمان کو منظوری کی درخواست بھیجی جائے گی۔یہ اسٹریٹجک توسیع اسمبلی انتخابات سے پہلے ہوئی ہے، بی جے پی بھی 15 اگست کے بعد کشمیر کے علاقے میں انتخابی دفاتر کھولنے کیلئے تیار ہے۔ خیال رہے کہ یہ اقدام چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ایک بیان کے بعد ہوا ہے، جنہوں نے حال ہی میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ریاستی سطح پر جائزہ لیا جائے گااور سیکورٹی فورسز کی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد انتخابی شیڈول کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔