اسمبلی الیکشن میں بھاجپا امیدواروں کوووٹ دینے کی اپیل

حسین محتشم

پونچھ// پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم پونچھ نے ضلع پونچھ میں بی جے پی کے تمام امیدواروں کو اسمبلی انتخابات 2024 میں اپنی مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا۔ فورم نے عام عوام اور خاص طور پر پہاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ یہ الیکشن پہاڑی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا موقع ہے جنہیں ایس ٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ فورم میں سبھی پہاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی وابستگی سے قطع نظر بی جے پی کو ووٹ دیں کیونکہ اس کا تعلق آنے والی نسلوں کی بھلائی سے ہے۔ فورم نے دعویٰ کیا کہ جس دن ایس ٹی دی گئی ہے پونچھ کے لوگوں کو تمام شعبوں میں فائدہ پہنچا ہے۔ فورم نے دعویٰ کیا کہ پہاڑی قبیلے کو ایس ٹی ریزرویشن سیاسی نمائندگی، پروموشن میں ترجیح، یونیورسٹیوں میں کوٹہ، مفت اور وظیفہ تعلیم، اسکالرشپ، بینکنگ خدمات، مختلف سرکاری اسکیموں اور آئین کے متعدد فوائد اور قانونی تحفظ ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کیلئے فوائد میں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ کوٹہ حاصل کرنا، ملازمت/نوکری کے فارم بھرنے میں بھاری رعایت، نیٹ ،یو پی ایس سی اور جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن اور دیگر پیشہ ورانہ امتحانات میں قابل احترام پوزیشن، ایکلویہ رہائشی اسکولوں میں داخلہ، نیشنل اوورسیز اسکالرشپ تک آسان رسائی، پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ میں اضافہ اور بہت کچھ ملا ہے۔ پی ٹی ایس ٹی فورم نے جامع طور پر نشاندہی کی کہ یہ وقت احسان کا بدلہ احسان کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کا ہے جس کا بار بار وعدہ کیا گیا تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ایگزیکٹو ممبران میں ایڈوکیٹ سنجے کمارکنوینر،ایڈوکیٹ مہندر کمار پیاسا،ایڈووکیٹ افتخار احمد بزمی، ایڈووکیٹ سونل ساسن شامل ہیں۔