اسلحہ سمیت فرار ہونے والا کشتواڑ کاایس پی او گرفتار،پوچھ تاچھ جاری

کشتواڑ//پولیس نے چند روز قبل مڑواہ علاقہ سے فرار ہونے والے اس سپیشل پولیس آفیسرایس پی اوکو گرفتار کر لیا ہے جو مبینہ طور پر جنگجوئوں کی صفوںمیں شامل ہونے کے لئے ایک پولیس کانسٹبل کی اے کے 47رائفل بھی اپنے ہمراہ لے گیا تھا۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری نے بتایا کہ 20جنوری کو ایس پی او محمد یاسین زیر نمبر 1292، جو کہ پولیس تھانہ مڑواہ میں تعینات تھا مشتاق احمد نامی کانسٹبل کی اسالٹ رائفل کے ساتھ فرار ہو کر نواپاچی کے جنگلات کی طرف بھاگ گیا تھا تا کہ ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شامل ہو سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مڑواہ پولیس تھانہ میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی اور ایس ایچ او مڑواہ انسپکٹر فاروق کی قیادت میں پولیس نے فوج کی 11RRکے اشتراک سے مہم چلا کر مفرور ایس پی او اور ایک مقامی شہری ریاض کھانڈے ولد غفار کھانڈے ساکن میتھوان کو گرفتار کر لیا ہے ، مفرور ایس پی او کے قبضہ سے مسروقہ رائفل بھی برآمد کر لی گئی ہے ۔ایس ایس پی نے خطہ چناب میں ملی ٹینسی کو پھر سے زندہ کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنا نے کا دعویٰ کیا۔