سرینگر//مسلم دینی محاذ نے کہا ہے کہ شیخ نورالدین ولی ؒ اورشیخ ہمزہ مخدومؒ جیسے عظیم اولیائے کرام نے جو قرآن مجید اوراحادیث کی تشریح اپنے قول وعمل سے کی ہے، اس تشریح کو لوگوں میں صحیح تناظر میں پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارتی حکمران جو ان اولیاءکرام کے ساتھ مسلمانان کشمیر کی جذباتی وابستگی کا سیاسی استحصال کرنا چاہتے ہیں ،کا مقابلہ کیا جاسکے۔موصولہ بیان کے مطابق دینی محاذ کے امیر ڈاکٹر محمد قاسم نے کہا ہے کہ ان اولیاءکرام نے کشمیر میں تو حید کی جو نشرواشاعت کی ہے ،آج بھارتی حکمران اورمیڈیا اُسے وہابیت کا نام دے کر کشمیر میں سعودی اسلام بمقابلہ کشمیری اسلام کے لئے ماحول بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اولیائے کرام کی تعلیمات، تو حید کی بنیاد پر تعلق باﷲاور عدل کی بنیاد پر تعلق بالناس کو لوگوں میں عام کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام صرف ایک ہے جو سعودی ہے نہ کشمیری۔بیان کے مطابق یہ وہی آفاقی اسلام ہے جسکی اشاعت اور تبلیغ باہر سے آئے اولیاءکرام نے بھی اور یہاں کے کشمیری اولیاءنے بھی کی ہے۔