’ اسلام انسانیت کے لئے اعلیٰ ترین اصولوں پر مبنی ضابطہ حیات‘

جموں//جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے صوبہ جموں کا ایک دو روزہ اجتماع عام مسجد ابراہیم راجندر بازار جموں میں امیر جماعت غلام محمد بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جماعت کے زعما کرام نے تنظیم کے مقاصد، طریقہ کا راور نصب العین کے حوالے سے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی اور اس بات کو واضح کیا کہ جماعت جموں وکشمیر کے حدود میں اسلام  اُس نظام رحمت کے احیاکی داعی تحریک ہے تاکہ یہ خط امن وسلامتی، عدل و انصاف اور انسانی اخوت و برادری کے ساتھ جملہ سماجی اور اخلاقی برائیوں سے پاک ایک ایسا گہوارہ ہو جو عالمِ دنیا کے لئے ایک مثالی نظام ثابت ہو۔ مقررین نے اسلام کو ایک ایسا ضابطہ قرار دیا جو انسانیت کے لئے اعلیٰ ترین اصولوں اور تعلیمات پر مبنی ہے۔ اسلام کے تصورِ حیات، دنیاوی اور اخروی کو اگر عالمِ دنیا تسلیم کرے تو یہ روئے زمین امن و سلامتی ، عدل و انصاف اور باہمی ہمدردی اور اخوت کا اک گہوارہ بن سکتا ہے۔ جہاں انسانی وقار اور شرافت کا بول بالا ہوگا اور ذات پات رنگ و نسل اور جغرافیائی حدبندیوں کی بنیاد پر انسانیت کی کوئی مصنوعی تقسیم کا کوئی تصور بھی نہ ہوگا اور سب کے ساتھ عدل و انصاف ہوگا اور ظلم و زیادتی کا کوئی موقع نہ ہوگا، چھوٹے بڑے امیر و غریب سب اپنے پالنہار خالق کے بندے اور فرمان بردار ہوں  گے۔ بندوں پر بندوں کا کوئی موقعہ نہ ہوگا۔ انسان دوستی، نظام زندگی کا بنیادی ستون ہوگا، انسانی حقوق کا تحفظ اس نظام کی بنیادی پالیسی ہے جس میں حقوق نسواں کو خصوصیت حاصل ہوگی، عورت کو بازار کی گڑیا کے بجائے گھر کی ملکہ کا درجہ ہوگا اور نام نہاد مساوات کے نام ر اُس کا جو جنسی استحصال ہورہا ہے اس کا خاتمہ کرکے اُس کو اپنا فطری درجہ حاصل ہوگا اور معاملات زندگی میں اُسے مشیر خاص کا مقام دیا جائے گا۔ بے حیائی، بے راہ روی اور فحاشیت کے تمام اسباب کو مسدود کرکے صالح اور باحیا معاشرہ کی تعمیر ہوگی۔اس اجتماع میں امیر جماعت کے علاوہ قیم جماعت غلام قادر لون، معاونین قیم جماعت غازی معین الاسلام ندوی اور فہیم محمد رمضان، امیر ضلع جموں محمد صادق بٹ، ناطم شعبہ سیاسیات ایڈوکیٹ زاہد علی، امیر ضلع اسلام آباد احمد اللہ پرے، شیخ عبدالحفیظ فرقانی، مفتی محمد طاہر نادری اور اسلامی جمعیت طلبا کی طرف سے محمد شعیب بلوان نے مختلف موضوعات پر مندوبین کو اسلاممی نظام زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق جانکاری دی۔ اجتماع میں شرکاء کو آداب مجالس سے ڈاکٹر شبیر احمد متو نے روشناس کرایا۔ اس طرح یہ دو روزہ اسلامی کانفرنس ۴؍فروری اتوار کو اختتام پذیر ہوئی۔ اس میں جموں اور اس کے گردو نواح علاقوں کے علاوہ وادی چناب اور خطہ پیر پنچال سے بھی کثیر تعداد میں اسلام کے شیدائیوںنے شرکت کرکے اس اجتماع کی شان بڑھائی۔