اسلامک یونیورسٹی کے باہر ہوائی فائرنگ

 
ترال //اونتی پورہ میں اسلامک یونیورسٹی طلباء اور پولیس کے درمیان شدید تصادم آرائی ہوئی جس کے دوران شلنگ کی گئی۔جمعرا ت کووکٹر فورس آرمی یونٹ سے وابستہ ایک پارٹی کیبل کی مرمت کر رہی تھی ،اس دوران چند نا معلوم افراد نے ان پر پتھرائو کیا جس کے بعد وہاں موجود فوجی اہلکاروں نے ہوا میں کئی راونڈ فائر کئے۔واقعہ کے فوراً بعد اونتی پورہ پولیس کی ایک پارٹی جائے واردات پر پہنچی جس کے ساتھ ہی وہاں شدید پتھرائو اور پولیس و نوجوانوں کے  درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ پولیس نے پتھرائو کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے اشک آور گیس کے گولے داغے ۔ادھر اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے جمعرات کو ادارے میں معمول کے مطابق کام کاج چل رہا تھا جس کے دوران ادارے کے باہر گولی چلنے کی آواز سنائی دی گئی ، جس کی وجہ سے ادارے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوا جس کے بعد فورسز نے ادارے کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے ، جس کی وجہ سے کیمپس میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو ا۔ بعد میںطلاب نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشتاق صدیقی نے واقعہ کی مذمت کی ۔ ادھر اونتی پورہ پولیس کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق’’ دن کے بارہ بجے کے قریب اسلامک یونیورسٹی کے نزدیک وکٹر فورس سے وابستہ ایک پارٹی کیبل کی مرمت کررہی تھی اسی دوران یونیورسٹی کے اندر کچھ شر پسند عناصر اور طلباء نے فوجی پارٹی پر شدید پتھرائو کیا ، جس کے بعد فوج نے ہوا میں فائرنگ کی اور وہاں سے چلے گئے۔ اونتی پورہ پولیس کی جانب سے سینر افسران کی ایک ٹیم وہاں پہنچی جس کے دوران نوجوانوں جن میں طلبا ء بھی شامل تھے، نے پولیس پر پتھرائوکیا اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے چند گولے داغے ،جبکہ شر پسندوں نے فوج کی کیبل تار کو بھی نذر آتش کیا ، اس حوالے سے کیس درج کیا گیا ہے ‘‘۔