اسلامک یونیورسٹی میں احتجاجی مارچ

سرینگر// اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران طلبہ اور فورسز کے مابین جھڑپوں کی وجہ سے یونیورسٹی میں درس و تدریس کا ماحول درہم برہم ہو گیا ۔سی این ایس کے مطابق اسلامک یونیورسٹی میں اُس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب یونیورسٹی کے طلبہ نے ڈاکٹر منان وانی کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر نکلنے کی کوشش کی جسے ناکام بنانے کیلئے پولیس نے ٹیر گیس شلنگ کی ۔ شاہراہ پر پہلے سے موجود پولیس و فورسز کی بھاری جمعیت نے احتجاجی طلبہ کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جس پر طلبہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے پولیس پر پتھرائو کیا ۔پولیس نے طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گولوں کی شیلنگ کی جس کی وجہ سے کمپس میں افراتفری کا ماحول قائم ہوا۔ ادھر افراتفری کے ماحول اور پولیس و طلبہ کے مابین ہوئی جھڑپوں کی وجہ سے یونیورسٹی میں جاری تدریسی عمل درہم برہم ہو گیا ۔