اسلامک ریلیف ٹرسٹ سرینگرنے ہجواہ آتشزدگان میں امداد تقسیم کی

بانہال//اسلامک ریلیف ٹرسٹ سرینگر کی ایک آٹھ رکنی امدادی ٹیم نے عبدالرشید ہانجورہ کی قیادت میں تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے دور دراز علاقہ ہجواہ میں آتشزدگی سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور بھاری امدادی سامان ہجواہ آتشزدگان میں موقع پر ہی تقسیم کیا گیا ۔ اس سامان میں دیگر چیزوں کے علاوہ بسترہ، کمبل، کپڑا ، ریڈی میڈ سوٹ اور اشیائے خوردو نوش شامل تھے۔ اس موقعہ پر سلام فاونڈیشن مہو کے کارکنان بھی سامان تقسیم کرنے میں شانہ بشا نہ ان کے ساتھ رہے ۔ یاد رہے مذکورہ ٹرسٹ سلام فاونڈیشن مہو کی وساطت سے ہی ان آتشزدگان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے کیونکہ سلام فاونڈیشن مہو نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اور اپنے ممبران کی ذاتی کاوشوں سے مختلف خیراتی اداروں کو ہجواہ آتشزدگان کی معاونت کیلئے راغب کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔اس موقع پر اسلامک ریلیف ٹرسٹ کے عبدالرشید ہانجورہ نے ان مفلوک الحال لوگوں کی حالت زار اور انکے اجڑے دیاروں کو بچشم خود دیکھ کر نہایت ہی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر کے انہیں زندگی کے اتار چڑھائو اور دکھ درد کو سہنے کا حوصلہ دیا اور ہر حال میں اللہ کی مرضی پر سینہ سپر اور صبر کے ساتھ راضی رہنے کی تلقین کی اور اپنے ٹرسٹ کی طرف سے مناسب موقع پر مزید امداد کا یقین دلایا۔