اسسٹنٹ پروفیسروں کیلئے امتحان 2سے17مئی تک روز2 شفٹوں میں لیا جائیگا

سرینگر//نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے منگلوار کو جونیئر ریسرچ فیلوشپ (جے آر ایف) کیلئے یو جی سی،نیٹ امتحان کے دسمبر2020 سیشن اور اسسٹنٹ پروفیسر کی اہلیت کے لئے امتحان کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی یا این ٹی اے، جسے یو جی سی اور مرکزی وزارت تعلیم نے یہ ذمہ داری سونپی ہے ،کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق آئندہ یو جی سی، نیٹ امتحانات2، 3، 4، 5، 6 ، 7، 10، 11،12 ،14 اور 17 مئی تک منعقدکئے جائیں گے ۔یہ ٹیسٹ صرف سی بی ٹی موڈ کے ذریعہ لیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق یہ امتحان 3گھنٹے تک جاری رہے گا اور اسے صبح اور شام کے شفٹ میں لیا جائے گا۔ پہلا شفٹ صبح 9 شام سے 12 بجے جبکہ دوسرا شام3 بجے سے شام6 بجے تک ہوگا۔خواہش مند امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ 2 فروری سے 2 مارچ تک www.nta.ac.in اور https://ugcnet.nta.nic.in پر درخواست دیں جبکہ درخواست فیس3 مارچ تک ادا کیا جاسکتا ہے۔