اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر کوئی بات چیت نہیں: حماس

یواین آئی

غزہ// حماس نے ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اتوار کی رات غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیل کے حملے کے بعد غزہ کی پٹی میں جنگ بندی یا قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے کسی بھی مذاکرات میں حصہ نہیں لے گی۔ ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ڑنہوا نے بتایا کہ یہ فیصلہ اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح کے شمال مغرب میں بے گھر ہونے والے شہریوں کے خیموں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کیا گیا، جس میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ حماس کی قیادت کو مصر یا قطر کے ثالثوں کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے پیر کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ رفح شہر کے نزدیک بے گھر لوگوں کے لیے بنائے گئے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 45 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔