اسرائیل کی رفح میں وحشیانہ بمباری ، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

یواین آئی

اقوام متحدہ// اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ کے محفوظ ترین علاقے رفح پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 45 معصوم شہریوں کی شہادت پر سلامتی کونسل نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق عالمی تنظیموں اور کئی ممالک کی جانب سے کڑی تنقید کے بعد اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رفح میں ہونے والے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے رفح حملے پر ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’اس حملے میں ان بے گناہ شہریوں کو مارا گیا جو محفوظ مقام پر پناہ لیے ہوئے تھے، لیکن غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں، اس دہشت کو اب روکنا چاہیے۔‘‘یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ وہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں رفح میں درجنوں بے گھر افراد کی ہلاکت کی خبروں سے خوفزدہ ہیں اور ان حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے، ہم واضح کرچکے ہیں کہ اسرائیل کو شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن احتیاط برتنی چاہیے، جب کہ ہم اسرائیلی ڈیفنس فورس اور دیگر شراکت داروں سے رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکے، درحقیقت وہاں کیا ہوا۔افریقی یونین کمیشن کے سربراہ موسیٰ فاکی ماہت ’ایکس‘ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’اسرائیل نے رفح میں کارروائی کرکے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سے جے) کے فیصلے کی بھی توہین کی، رات کی تاریکی میں کیے گئے اس حملے میں زیادہ تر فلسطینی بچے اور خواتین کوہلاک کیا گیا۔