یو این آئی
بیروت// حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے اسرائیل پر حملہ کب کیا جائے گا، اس سلسلے میں انتظار کی حالت ہی اسرائیل کے لیے سزا ہے ، حسن نصراللہ کے اس بیان سے اسرائیل میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ نے کہا ہے کہ اسرائیل پر جلد حملہ ہونے جا رہا ہے اور حملے کے وقت سے متعلق بے یقینی اسرائیل کی سزا کا حصہ ہے ۔انھوں نے ایک بیان میں نے کہا شاید ہم اسرائیل کو اکیلے جواب دیں، یا شاید پورے مزاحمتی گروپ کے ساتھ مل کر اسرائیل کو جواب دیں لیکن اسرائیل پر ہمارا بھرپور ردعمل آئے گا۔ انھوں نے کہا شمال میں ہم اسرائیل کی کیمیکل اور فوڈ فیکٹریاں آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں تباہ کر سکتے ہیں۔حسن نصراللہ کے بیان کے بعد اسرائیلی قصبوں میں خطرے کے سائرن بج گئے اور خوف و ہراس چھا گیا ہے ، دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں امریکی اہلکاروں پر حملے برداشت نہیں کرے گا۔لائیڈ آسٹن نے مزید کہا کہ یقین ہے عراق میں امریکی فوجیوں پر حملے کے پیچھے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کا ہاتھ تھا۔