اسرائیل مسلمانوں کی طاقت سے بے خبر:مولانا اقرار

 منڈی//جامعہ مسجد المصطفیٰ منڈی کے امام و خطیب مولانا سید اقرار حیدر زیدی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس فیصلے کے خلاف صف آرا ہوناچاہیے جس کے تحت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جس کی طر ف رسول اکرم ؐاور ان کے اصحاب نے اپنی پیشانی کر کے نماز ادا کی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے نماز جمعہ کے خطبے کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے بانی آیت اللہ خمینی ؒنے بیت المقدس کی آزادی کے لئے ہر سال ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو احتجاج کرنے کا حکم دیا ہے۔مولانا نے کہا کہ مسلمان اس بات کو ہر گز برداشت نہیں کرے گا کہ ایسی پاک جگہ کو اسرائیل جیسے غصبی ملک کا حصہ بنایا جائے۔ اقرار حیدر نے کہا کہ کچھ عرب ممالک کے سربراہان نے اس امر میں اسرائیل کی بھر پور حمایت کی ہے جس کے نتیجہ میں غزہ میں فلسطینیوںنے ان کے خلاف احتجاج کیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو اس بات پر خاموش نہیں رہنا چاہیے اور اسلامی حکومتوں کو کوئی سخت اقدام کرناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل مسلمانوں کی طاقت سے بے خبر ہے اوراگر مسلمان یکجاہوجائیںتو اسرائیل کو دندان شکن جواب دیاجاسکے گااور یہ صہیونی ریاست پل بھر میں مٹ جائے گی۔