یو این آئی
غزہ// اسرائیلی فوج نے خان یونس شہر میں خیموں پر حملہ کردیا جس میں 18 فلسطینی زندہ جل کر ہلاک ہوگئے ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس میں سیف زون قرار دیے گئے علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں خیموں میں مقیم 18 فلسطینی ہلاک ہوگئے جب کہ اکثر ہلاکتیں بمباری کے بعد خیموں میں آگ لگنے اور زندہ جل جانے کے باعث ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاع ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے بیت حنون سے بے گھر فلسطینیوں کو بھی انخلا کا حکم دے دیا ہے ۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نے رفح میں اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا جب کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا جس سے ایک حزب اللہ فائٹر مارا گیا۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک تقریباً 40 ہزار فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے ۔ ادھر اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کی تقرری پر ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر حماس کی جانب سے یحییٰ سنوار کو اپنا سربراہ مقرر کرنے پر تنقید کی ہے ۔ایکس پر ایک نئی پوسٹ میں کاٹز نے کہا کہ سنوار کی پروموشن “دنیا کو ایک واضح پیغام بھیجتی ہے کہ فلسطین کا مسئلہ اب مکمل طور پر ایران اور حماس کے کنٹرول میں ہے۔اسرائیلی وزیر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مغربی کنارے پر اسرائیل کا قبضہ جائز ہے کیونکہ یہ واحد چیز ہے جو حماس کو مکمل طور پر قبضے سے روکتی ہے ۔انہوں نے حماس کے اتحادی ایران پر بھی الزام لگایا کہ وہ مبینہ طور پر اردن اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ہتھیار سمگل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔