یو این آئی
تل ابیب// اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف لاکھوں اسرائیلیوں کی جانب سے ملک گیر مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے غزہ میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس کے ساتھ معاہدہ کرنے، اسرائیل میں نئے انتخابات کے انعقاد اور نیتن یاہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔تل ابیب میں سیکڑوں افراد نے آگ لگا کر کئی سڑکیں بلاک کر دیں، اسرائیلی پولیس اور مظاہرین کے درمیان چھڑپیں بھی ہوئیں اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔دوسری جانب القدس اور قیصریہ میں ہزاروں مظاہرین نے وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہوں کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے غزہ جنگ اور حزب اللہ کے ساتھ تنازعہ سے نمٹنے میں ناکامی پر حکومت پر سخت تنقید کی۔خیال رہے کہ اسرائیل میں اس قسم کے احتجاجی مظاہرے معمول بن چکے ہیں جوکہ عوام اور حکومت کے درمیان خلیج کو ظاہر کرتے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا :لبنان
یو این آئی
بیروت// اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان سے متصل سرحدی علاقے میں ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے ۔لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے سرحدی قصبے خیام اور مرجعون پر سفید فاسفورس بموں سے گولہ باری کی تھی ۔اسرائیلی توپ خانے نے فرقیلہ اور دیر مماس کے درمیان خورہ نامی علاقے پر بھی شدید گولہ باری کی ہے ۔