اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری

  غزہ// اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے غزہ میں حماس کے 2ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انھیں تباہ کردیا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کی ایک عسکری تربیت گاہ اور میزائل بنانے کی ایک زیر زمین فیکٹری کو جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق لڑکا طیاروں کی بمباری میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حماس کے عسکری ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ فضائی حملے حماس کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر داغے گئے ایک راکٹ کے جواب میں کیے گئے جس میں ایک مکان کو نقصان پہنچا تھا۔دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ سے نمازیوں کو بیدخل کرکے یہودیوں کو عبادت کی اجازت دیدی جس پر نمازیوں نے احتجاج بھی کیا۔ اسرائیلی فورسز نے نماز جمعہ سے قبل مسجد اقصیٰ میں کارروائی کے نتیجے میں تین صحافیوں سمیت 30 فلسطینی زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئیں تو وہاں موجود نہتے فلسطینیوں نے فورسز پر پتھراؤ کیا جس پر فورسز نے ربر کی گولیاں اور ہینڈ گرینیڈ برسادیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران مسجد اقصیٰ کے صحن میں آتشزدگی کا واقعہ بھی دیکھنے میں آیا جس سے متعلق فلسطینی شہریوں کا کہنا ہ یکہ اسرائیلی فورسز درختوں کو نذر آتش کررہی ہیں۔