سرینگر//مسلم لیگ نے محبوس صدر ضلع اسداللہ پرے پر دسواںاور خورشید احمد لون ساکنہ نائد کھے پر دوسرا پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنے کے بعد کورٹ بلوال جیل منتقل کرنے کو سیاسی عداوت اور انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے بیان میں کہا کہ اسداللہ پرے پچھلے چار سال سے ریاست کی مختلف جیلوں میں انتقام گیری کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اورجس کی وجہ سے اُس کے گھر میں رہ رہی 5معصوم بیٹیوں جن میں ایک جلدکے کینسر کی مریضہ ہے جبکہ دوسری بیٹی ذہنی طور پر معذور ہے،پر مصیبت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے کیونکہ ان معصوموں کی والدہ پہلے ہی انتقال کر چکی ہے اوراب ان کی دیکھ بال اسداللہ پرے کے کندھوں پر تھی ۔ترجمان نے کہاکہ چونکہ اسداللہ پرے کئی برسوں سے بند ہیں لہذا اس گھر کی تمام ذمہ داری ان کی بڑی بیٹی کے کندھوں پر پڑی جو دوسروں کے کپڑے سل کر اپنی بہنوں کی پرورش کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر میں مبتلا بہن کے علاج و معالجہ کا بوجھ بھی اٹھارہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ انصاف و انسانیت کا تقاضا تھا کہ اسداللہ پرے کی بیٹیوں کی حالت زار دیکھ کر رہا کیا جانا چاہیے تھا مگر سیفٹی ایکٹ کالعدم کرنے کے باوجود رہانہیں کیاجاتا جو قابل مذمت ہے۔اس دوران ترجمان نے مولوی سجاد ساکنہ نائد کھے کو پچھلے پانچ برسوں سے لگاتار مقید رکھنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اسیری کو جان بوجھ کر طول دیا جارہا ہے