استانی کے ہاتھوں طالب علم کی مارپیٹ

سرینگر//بائز مڈل سکول کروئین نمبلہ اوڑی میں مبینہ طور ایک اُستانی کی طرف سے چوتھی جماعت کے طالب علم فیصل احمد لون کی آنکھ کو نقصان پہنچنے پر وزیر تعلیم و خزانہ سید محمد الطاف بخاری نے طالب علم اور اُن کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتونے ایس ایم ایچ ایس اسپتال جا کر بچے کی عیادت کی۔ انہوں نے طالب علم اور اُس کے والدین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ بچے کے علاج و معالجے کاخرچہ محکمہ تعلیم برداشت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملے میں مبینہ طور ملوث اُستانی کوپہلے ہی معطل کیا گیا ہے اور تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ ناظم تعلیم نے کہا کہ اس سلسلے میں آنے والے تین دنوں میںمتعلقہ کمیٹی سے رپورٹ موصول ہوگی۔