کولگام // کولگام کے مضافاتی گائوں میں دوران شب یکے بعد دیگرے 2دلدوز حادثے پیچ آئے جب حرکت قلب بند ہونے سے ایک لیکچرار کی موت واقع ہوئی اور ایک گھنٹے کے بعد اسکے شاگردکی موت بھی اسی طرح واقع ہوئی۔یہ واقعات دوڈی پورہ گائوں میں پیش آئے۔ جمعہ کی رات سوا نو بجے گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول کیموہ میں بطور لیکچرار تعینات میسر احمد سہہ ولد محمد مقبول اپنے دو کمسن بیٹوں کو کھانا کھلارہا تھا کہ اسکے سینے میں اچانک درد پیدا ہوا اور وہ وہی گر پڑا۔اسے فوری طور پرضلع اسپتال کولگام لیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ دل کا دورہ پڑنے سے لیکچرار کے فوت ہونے کی خبر سنتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ لیکچرار کے موت کی خبر سن کر ان کا ایک شاگرد نویں جماعت کا طالب علم سمیر احمد وانی بھی بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑا اور اسے بھی اسپتال لیا گیا لیکن وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔محض ایک گھنٹے میں دو افراد کی موت واقع ہونے سے پورا گائوں ماتم کدے میں تبدیل ہوا۔استاد اور شاگرد کی موت نے مقامی بستی کو سکتے میں ڈالا۔دونوں کی تجہیز و تکفین ہفتہ کی صبح انجام دی گئی ۔جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔مقامی لوگوں کے مطابق اس سانحے کی وجہ سے پڑوسی گائوں زاڈی پورہ میں ایک اور طالبہ کو بھی دل کا دورہ پڑا جس کو علاج معالجے کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا ، جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔