استاد رضوان کی زیر حراست موت

سرینگر//جواں سال استاد رضوان اسد پنڈت کی حراستی ہلاکت کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے احتجاجی پروگرام کے تحت لبریشن فرنٹ کی طرف سے کل بڈشاہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ ہوا ۔ مظاہرے میں شوکت احمد بخشی کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے قائدین شیخ عبدالرشید، محمد صدیق شاہ، پروفیسر جاوید، محمد حنیف، معراج الدین اور دوسرے لوگوں نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے ۔ مظاہرین نے بڈشاہ چوک کی جانب مارچ کیا اور وہاں ایک احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے جس سے قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے این آئی اے اور ایس او جی کی جانب سے استاد رضوان پنڈت کے حراستی قتل، کشمیر میں جاری گرفتاریوں،، لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک جو کورٹ بلوال جیل میں مقید ہیں ،کی اسیری کو طول بخشنے کے ساتھ ساتھ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے این آئی اے، ای ڈی اور فیما جیسی ایجنسیوں اور قوانین کے ذریعے کشمیریوں کو زچ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔