اساتذہ کے تئیں انتظامیہ کارویہ باعث تشویش:رانا

 جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے ہڑتال پربیٹھے ایس ایس اے ٹیچروں کے تئیں انتظامیہ کے رویے کے خلاف اوران کے ساتھ ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دھرنے پربیٹھ کرریاستی گورنرانتظامیہ سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ آرای ٹی ٹیچروں کی مانگوں پرہمدردانہ غورکیاجائے ۔اس دوران دویندرسنگھ رانانے سابق پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت پر رہبرتعلیم ٹیچروں کے مسائل کوغیرسنجیدگی سے لینے کاالزام عائد کیا۔یہاں جاری پریس بیان میں دویندرسنگھ رانانے کہاکہ یہ پورے سماج کےلئے تشویش کی بات ہے کہ ہم اساتذہ کوسڑکوں اورگلیوں میں دھرنے اورہرٹالوں پربیٹھ کریوم اساتذہ مناتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اورنوجوانوں کےلئے ان کااحتجاج پراترناتشویشناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کواساتذہ کے ساتھ بات چیت کےلئے راستے کھولنے چاہیئے تاکہ ہزاروں ایس ایس اے ٹیچروں اورطلباءکے تعلیمی سال اورمستقبل کومحفوظ بنایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی ہڑتال کابراہ راست اثر بچوں کی تعلیم پرپڑرہاہے۔رانانے مختلف شعبوں کے ورکروں کی تنخواہیں واگذارنہ ہونے بالخصوص ایس ایس اے ٹیچروں کے حق میںساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگونہ کرنے پرناخوشی کااظہارکرتے ہوئے ریاستی گورنرانتظامیہ سے امیدظاہرکی کہ اساتذہ کے مسائل کاازالہ کیاجائے تاکہ وہ اپنی ڈیوٹیوں پرلوٹ کرسماج کی تشکیل میں اپنارول اداکرنے کے کام میں جٹ جائیں۔