اساتذہ کیلئے ٹرانسفر پالیسی مرتب کی جائے | ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا حکومت سے مطالبہ

سرینگر //جموں وکشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرکے کے شرما اور پرنسپل سیکریٹری ایجوکیشن اصغر حسن سامون سے اپیل کی ہے کہ تمام اساتذہ کو ٹرانسفرپالیسی کے زمرے میں لایا جائے۔ تنظیم کے جنرل سیکریٹری سلیم ساگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  کئی مرتبہ ٹرانسفر پالیسی کو حکومت کے سامنے رکھا ہے مگر آج تک کسی بھی حکومت نے اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے جلد از جلد حل کرنے پر زور دیا۔ساگر نے کہا کہ اساتذہ کی تبدیلی سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بھی ضروری ہے اور اس عمل سے ان اساتذہ کو بھی راحت ملے گی جنہیں کئی سالوں سے میلوں پیدل سفر کرکے اپنی ڈیوٹی انجام دینی پڑتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی ہر استاد کا حق ہے اور اساتذہ کے ایک خاص طبقے کو اس پالیسی کے زمرے میں نہ لانا بہت بڑی ناانصافی ہے ۔