یو این آئی
نئی دہلی//اپنے اعلان کے مطابق دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منگل کو لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کی اور اپنی کابینہ کا استعفیٰ انہیں پیش کیا۔اس سے پہلے منگل کی صبح کیجریوال نے دہلی میں وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی تھی، جس میں کیجریوال کی جگہ آتشی مارلینا کو نئے وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ کیجریوال نے اپنا استعفیٰ دینے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر سے شام 4.30بجے تک کا وقت مانگا تھا۔ وہ اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ لیفٹیننٹ گورنر بھون گئے اور انہیں اپنی کابینہ کا استعفیٰ پیش کیا۔اس کے ساتھ ہی آتشی نے لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی پیش کیا ہے۔دہلی کابینہ کے وزیر گوپال رائے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ آتشی کو یہ ذمہ داری متفقہ طور پر دی گئی ہے۔یہ ذمہ داری انہیں مشکل حالات میں سونپی گئی ہے ۔بی جے پی کی مرکزی حکومت نے جس طرح سے عام آدمی پارٹی کو تباہ کرنے اور سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے دہلی حکومت کو توڑنے کی مہم شروع کی تھی اس کو ناکام بنانے کیلئے عاپ نے اپنے اراکین اسمبلی کی یکجہتی کے ساتھ حکومت کا کام جاری رکھا تھا۔ بی جے پی چاہتی تھی کہ کیجریوال استعفیٰ دیں لیکن انہوں نے عوام کے مفاد میں جیل کے اندر سے حکومت چلائی، جیل سے باہر آنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ عوام کی عدالت میں جائیں گے اور انہیں وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے دوبارہ منتخب ہونے تک وزیر اعلیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے۔عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے آتشی کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے جانشیں کے طور پر آتشی کا نام تجویز کیا جسے متفقہ طور پر قبول کر لیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ آتشی کا شمار عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈروں میں ہوتا ہے۔ وہ اروند کیجریوال کے قریبی مانی جاتی ہیں۔ منیش سسودیا کے جیل جانے کے بعد آتشی کو وزارت تعلیم سمیت کئی بڑی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ وہ کالکاجی، دہلی سے ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی حکومت میں کابینہ کی وزیر آتشی دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بنیں گی۔ اس سے پہلے سشما سوراج اور شیلا دیکشت دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں۔ آتشی 8 جون 1981کو دہلی میں پیدا ہوئیں۔ وہ اصل میں دہلی کی رہنے والی ہیں ۔ ان کے والدین دونوں دہلی یونیورسٹی میں پروفیسر رہ چکے ہیں۔ آتشی نے سینٹ اسٹیفن کالج سے تاریخ میں بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ آتشی نے 2012 میں انسداد بدعنوانی انا تحریک کے دوران سیاست میں قدم رکھا تھا اور وہ ان لوگوں میں شامل تھیں، جنہوں نے عام آدمی پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ آتشی نے جولائی 2015 سے 17 اپریل 2018 تک اس وقت کے وزیر تعلیم منیش سسودیا کی مشیر کے طور پر کام کیا۔ 2013 کے اسمبلی انتخابات کے دوران، وہ پارٹی کا منشور تیار کرنے والی ڈرافٹنگ کمیٹی کی اہم رکن تھیں۔ وہ پارٹی کی ترجمان کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں، وہ 2020میں کالکاجی اسمبلی سے جیت کر پہلی بار ممبر اسمبلی بنی ہیں۔جب منیش سسودیا کو مبینہ شراب گھوٹالہ کے الزام میں جیل جانا پڑا تو ان کی جگہ آتشی کو وزیر تعلیم بنایا گیا اور اب ان کے پاس وزارت تعلیم سمیت کئی وزارتوں کی ذمہ داری ہے۔ آتشی کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ آتشی کو 2019 میں مشرقی دہلی سے لوک سبھا کا ٹکٹ دیا گیا تھا۔ حالانکہ انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن وہ اگلے ہی سال اسمبلی انتخابات میں میدان میں اتری تھیں اور کالکاجی سے ایم ایل اے منتخب ہوئی تھیں۔آتشی سے پہلے سشما سوراج چند ماہ تک وزیر اعلیٰ رہ چکی ہیں اور شیلا دکشت تقریباً 15سال تک وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں۔