اردو یونیورسٹی میں صحت عامہ پر یونیسیف کورس کا آغاز

حیدرآباد // یونیسیف انڈیا اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج یونیورسٹی کے ترسیل عامہ و صحافت کے طلبہ کے لیے صحت کی رپورٹنگ کا ایک کورس شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس کورس کا عنوان اہم تجزیاتی مہارتیں ہے۔ یونیسیف نے تھامسن رائٹرس فائونڈیشن، آکسفورڈ یونیورسٹی، یو کے اور انڈین انسٹیٹیوٹ آف ماس کمیونکیشن، دہلی کے اشتراک سے اس کورس کا خاکہ تیار کیا ہے۔ یونیسیف نے جو شعبۂ صحافت اور ترسیل عامہ کے اشتراک سے اردو میں طبی صحافت کے اس کورس کا آغاز کررہا ہے ، اردو میڈیا کے لیے صحت عامہ صحافت پر بحرانی تجزیہ کی مہارتوں پر دو روزہ ورکشاپ کا اختتام پر کورس کا مواد یونیورسٹی کے حوالے کیا۔ ورکشاپ کے دوسرے دن کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے یونیسیف حیدرآباد کی سربراہ محترمہ میتل رسدیہ نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ یہ پروگرام مانو جیسی معروف یونیورسٹی میں میڈیا کے طلبہ کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ جس کے ذریعہ وہ صحت عامہ کے مسائل بالخصوص لاکھوں بچوں کو بچانے کے لیے ٹیکہ اندازی کی اہمیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس سے متعلق حقائق پر مبنی اہم پہلوئوں کو اپنی تربیت میں شامل کرسکتے ہیں۔ شیخ الجامعہ، مانو ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و تشکیل میں والدین اساتذہ اور ذرائع ابلاغ کا رول نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کورس مستقبل کے صحافیوں کو صحت سے متعلق مسائل کی بہتر انداز میں رپورٹنگ کا اہل بنائے گا اور قومی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس اہم پروگرام کے حصول طلبہ کو موقع فراہم کرنے پر یونیسیف کا شکریہ ادا کیا۔ اس کورس کے مرکزی گروپ ٹرینر گو نیوز دہلی کے بانی اور چیف ایڈیٹر جناب پنکج پچوری نے کہا کہ یونیسیف اور مانو قابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے ترسیل عامہ کے طلبہ کے لیے اس اہم پروگرام کا آغاز کیا۔ یہ صحافیوں کی ایک نئی نسل کو تیار کرے گا جو صحت کی رپورٹنگ کے سلسلے میں حساس ہوں گے۔ یونیسیف میڈیا کی کمیونکیشن سربراہ محترمہ سونیا سرکار نے کہا کہ ہندوستان میں صحت کے مسائل پر شعور کی بیداری کے لیے میڈیا ایک مؤثر اور اہم وسیلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیسیف مستقبل میں بھی مختلف مسائل پر بیداری کے منصوبوں میں مانو کے ساتھ شراکت کرے گا۔ شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے صدر و ڈین پروفیسر احتشام احمد خان نے 2018-19سے ایم اے اور بی اے (صحافت) میں شروع ہونے والے طبی صحافت کورس کا تفصیلی خاکہ  پیش کیا اور مہمانان اور شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر پروگرام کے ایک اہم رکن ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کی تحریر کردہ کتاب ’’صحت، صفائی اور ماحولیات‘‘ کی رسم اجرا انجام دی گئی۔ ورکشاپ کے شرکا کو کورس کا ضروری مواد اور اسنادات بھی دیئے گئے۔