اردو رسالہ ’نگینہ انٹرنیشنل ‘کے 50سال مکمل ہونے پر تقریب ،ادباء اور شعراء کی عزت افزائی

سرینگر //اُردو رسالہ نگینہ انٹر نیشنل کی شاندار گولڈن جوبلی تقریب سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں اُردو کے ادباء وشعراء کے علاوہ قلمکاروں کی عزت افزائی کی گئی ۔اتوار کو ہوٹل شہنشاہ پیلس ڈلگیٹ میں ایک ادبی نشست منعقد ہوئی جس میں مقامی قلمکاروں کی ایک کہکشاں کے علاوہ بیرون ریاستوں سے آئے کئی سرکردہ اُردو ادباء وشعرء کو مدعو کیا گیا تھا ۔ تقریب کی صدرات کے فرائض جسٹس (ر)بشیر احمد کرمانی نے انجام دی  جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر حمید اللہ بٹ اور نیشنل کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ارتضیٰ کریم تھے۔میزبانی کے فرائض اردو رسالہ نگینہ انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ وحشی سعید نے انجام دئے۔ تقریب کے آغاز میں طارق عبداللہ خاور کے تلاوت کلام پاک اور محترمہ پروین آزاد کے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم نے فضا کو معطر وخوشگوار بنایا۔اس موقعہ پر تقریب میں محمد یوسف ٹینگ ، مرزا محمد زمان آزردہ ، غلام نبی خیال ،فاروق نازکی ، ڈاکٹر شبیب رضوی ، رفیق راز ،خالد حسین ، ڈاکٹر عزیز حاجنی ، پیر زادہ عبدال مہجور ، رخسانہ جبین، بشیر عارف ، ڈاکٹر نذیز مشتاق ، ڈاکٹر شبنم عشائی سلیم سالک کے علاوہ کئی نامور ادیب وشاعر موجود تھے۔ ادبی نشست میں نگینہ انٹرنیشنل کی اشاعت کے پچاس سال مکمل ہونے پر اُس کے تازہ ضخیم گولڈن جوبلی نمبر 2018اور رکن نگینہ انٹر نیشنل ڈاکٹر اشرف اثاری کے دوسرے افسانوی مجموعہ ’’بلھا کہہ جاناں میں کون‘‘کی رسم رونمائی انجام دی گئی اور ان پر بالترتیب ڈاکٹر انصاری اور عبداللہ خاور نے فکر انگیز تبصرے پڑھے ۔اس موقعہ پر نگینہ انٹر نیشنل کی گولڈن جوبلی پر ایک ڈاکیو منٹری فلم بھی دکھائی گئی جس کو حاضرین نے پسند کیا ۔ڈاکیومنٹری کو حامد بخاری اور اُن کی ٹیم نے تیار کیا تھا جس میں نگینہ کی اشاعت کے پچاس برسوں پر محیط کوائف پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔نشست کے دوران اُردو اب میں شاندار کارکرگی اور اس کے فروغ کیلئے انتھک محنت پر مختلف نامور ادبی اور علمی شخصیات کو اُن کی شاندار کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا جن میں پروفیسر ارتضیٰ کریم ، جسٹس بشیر احمد کرمانی ، ڈاکٹر حمید اللہ بٹ ، محمد یوسف ٹینگ ، کشمیر عظمیٰ کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر جاوید آزر ،رخسانہ جبین ،فاروق احمد نازکی ، نعیمہ احمد مہجور ، غلام نبی خیال ، ڈاکٹر ظہیر انصاری ، شبیب رضوی ، ڈاکٹر مجیب شہزر ، محمد زمان آزردہ ، عالم بنارسی ، ہمدم کاشمیری ، ڈاکٹر اشرف آثاری ، مظفر ایراج ، ای ٹی وی بیوروچیف منوج کول ،نور شاہ ، ڈاکٹر سوہن لال کول ، رفیق راز ، ڈاکٹر نذیر مشتاق ، خالد حسین ، دیبک کنول ، ڈاکٹر عزیز حاجنی ،روزنامہ سرینگر ٹائمز کے مدیر اعلی بشیر احمد بشیر ، حامد بخاری اور محمد یونس ملک اور اُن کی ٹیم شامل ہیں ۔اس دوران روزنامہ تعمیل ارشاد نے بھی وادی کے ادیبوں شاعروں اور قلمکاروں کو اعزار سے نوازا ۔نشست کے آخر میں ایک مختصر محفل مشاعرہ بھی پیش کیا گیا جس میں نامور مقامی اور ریاست ریاست کے باہر کے سرکردہ شعراء نے شرکت کی اور اپنے اپنے کلاس سے مدعو خواتین وحضرات کو نوازا ۔تقریب کے بعدمہمانان نے اپنے اپنے تاثرات بیان کئے ۔ حاضرین نے   تقریب کی سراہنا کی اور اُمید ظاہر کی کہ ایسی تقاریب مستقبل میں بھی ہونی چاہئے ۔تقریب میں نظامت کے فرائض محمد امین بٹ نے انجام دئے آخر میں نگینہ انٹرنیشنل کے منیجنگ ایڈیٹر ظہور ترنبو نے خاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔