اردوکونسل کی عیدملن پارٹی

سرینگر// اردو زباں کے تحفظ کے میدان میں سرگرم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم جموں کشمیر اردو کونسل کی جانب سے جمعرات کو سرینگر میں عید ملن پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ عید ملن پروگرام کی صدارت کونسل کے صدر ایڈکیٹ اے آر ہانجورہ نے کی جبکہ جنرل سیکریٹری جاوید ماٹجی کے علاوہ معروف افسانہ نگار وحشی سعید بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران اردو زباں کی ترقی،ترسیل ترویج و فروغ کیلئے مقررین نے تجاویز پیش کیں۔اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اردو زباں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے،تاہم ااس بات کو واضح کیا گیا کہ اردو زباں آج بھی زندہ جاوید ہے۔ ایڈوکیٹ ہانجورہ نے اردو کونسل کے قیام کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو کسی خاص مذہب،مسلک،فرقے یا طبقے کی زباں نہیں ہے بلکہ جموں کشمیر کے مختلف خطوں کے لوگوں کو جوڑنے کیلئے ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو کونسل اپنے پروگراموں میں سرعت لائے گی،جبکہ نچلی سطح پر اردو زباں کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا جائے گا۔ تقریب میں نور شاہ، ڈاکٹر مشتاق حیدر، جاوید احمد کرمانی، شبیر ماٹجی، روحی سلطانہ، عرفانہ ، علی محمد،سہیل سالم، نا ظم نذیر اوربلال فرقانی سمیت دیگر شعرا،قلمکاروں،نقادوں محققین و دیگر لوگوں نے شرکت کی۔