دوبئی//یو این آئی// ترکی کے صدر طیب اردوغان نے قطر کے خلاف پابندیوں کو ہٹانے کے لئے عرب ممالک پر زور دیا ہے ۔مسٹر اردوغان نے استنبول میں کل روزہ افطارکے دوران کہا'' میں خلیجی ممالک کے رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں، اس جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا اور ہر طرف ہماری بدنامی ہوگی''۔انہوں نے قطر کے خلاف عائدتمام پابندیوں کو ختم کرنے اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے کے لئے سعودی عرب پر زور دیا ہے ۔اس سے پہلے ترکی نے شورش زدہ قطر کو ہر ممکن دینے کے لئے پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کی ہے ۔ ترکی کی پارلیمنٹ نے قطر میں فوج کی تعیناتی کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے ۔واضح ر ہے کہ پیر کو سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات سمیت چھ ممالک نے دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے قطر سے اپنے سفارتی تعلقات اور تجارتی تعلقات ختم کر دیے تھے ۔ اس کی وجہ سے قطر میں غذائی اجناس اور پینے کے پانی کی کمی ہو گئی ہے ۔ قطر نے اگرچہ کہا ہے کہ وہ کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی حمایت نہیں کرتا اور نہ ہی وہ جھوٹے الزامات کے سلسلے میں کسی ملک کے آگے جھکے گا۔یو این آئی