اراضی خالی کرنے کیلئے نوٹس جاری کرنے کامعاملہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں سرکاری و جنگلاتی اراضی کو خالی کروانے کیلئے متعلقہ شعبوں کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے بعد عوامی حلقوں میں انتہائی غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں نیشنل کانفرنس کارکنوں کی جانب سے مینڈھر کے گورسائی علاقہ میں ایک اجلاس کے بعد انتظامیہ مخالف احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو بے گھر کرنے کی مبینہ سازشیں کی جارہی ہیں جن کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔بلاک صدر گورسائی ذاکر چوہدری کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران کارکنوں نے حالیہ دنوں میں جاری کئے گئے نوٹس اور اس کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس کے بعد میاں شیراز اظہری کی قیادت میں کارکنوں نے انتظامیہ مخالف نعرے بازی بھی کی ۔صوبائی سیکریٹری این سی شیراز اظہری نے کہاکہ حکومت کی جانب سے لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے ہراساں کیاجارہاہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد مذکورہ نوٹس کو واپس لیا جائے ۔مظاہرین نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مذکورہ نوٹس کو واپس نہیں لیا گیا تو اس سلسلہ میں ایک بڑا احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔